علی اصغر نے ’’کپل شرما شو‘‘چھوڑنے کی اصل وجہ بتا دی

ممبئی (جانوڈاٹ پی کے) بھارتی اداکار و کامیڈین علی اصغر نے مشہور ’کپل شرما شو‘ میں دادی کا کردار چھوڑنے کی اصل وجہ بتا دی۔
علی اصغر کئی سالوں سے ٹیلی ویژن اور فلموں میں کام کر رہے ہیں لیکن کپل شرما شو میں دادی کے روپ نے ان کی شہرت میں حیران کن اضافہ کیا۔ ان کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ مداح آج بھی انہیں دادی کے نام سے ہی پکارتے ہیں۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق علی اصغر نے حال میں دیے گئے ایک انٹرویو میں نہ صرف کردار سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی وجہ بیان کی بلکہ یہ بھی انکشاف کیا کہ ٹیلی ویژن پر ان کے کام کی وجہ سے ان کے بچوں کو کس طرح ہراساں کیا گیا۔
اداکار و کامیڈین نے انٹرویو میں اس بات کا ذکر کیا کہ ایک وقت ایسا آیا تھا جب وہ ٹیلی ویژن پر صرف خواتین کے روپ میں ہی نظر آ رہے تھے۔
انہوں نے کہا: ’مجھے اس وقت احساس ہوا کہ میں صرف یہی کام کر رہا ہوں۔ جو لوگ یہ دیکھ رہے ہیں وہ شاید کہیں کہ ’کیا یہ پاگل ہے؟ اس نے یہ کام کیوں چھوڑ دیا؟‘ لیکن اس وقت ’کامیڈی سرکس‘ ہفتہ اور اتوار کو نشر ہوتا تھا اور دونوں ہی اقساط میں، میں ایک خاتون کا کردار ادا کر رہا ہوتا تھا۔ اس طرح میرا وہی امیج بننے لگا تھا۔ مصنفین کیلیے بھی یہ آسان تھا اور وہ بار بار میرے لیے خواتین کے کردار ہی لکھتے رہتے تھے‘۔
علی اصغر نے مزید کہا کہ کبھی کبھی آپ کو بُرا لگتا ہے اور آپ سوچتے ہیں کہ یہ وہ سب کچھ نہیں ہے جو میں کرنا چاہتا ہوں، میں کچھ اور بھی کرنا چاہتا ہوں، میں کہتا تھا کہ مجھے ایک موقع دیں مجھے کم از کم کوشش تو کرنے دیں اگر وہ کامیاب نہ ہوا تو پھر مجھے کہنا۔
’چونکہ رائٹرز اور پروڈیوسرز اپنی سہولت کا سوچ رہے ہوتے ہیں اور یہ نہیں سوچتے کہ مجھے اسے بار بار کرنا پڑ رہا ہے۔ میں بھی اسے کرتا رہا کیونکہ مجھے کام کی ضرورت تھی، یہ میرا ذریعہ معاش ہے۔ آپ کو ان تمام باتوں کے بارے میں سوچنا پڑتا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے خواتین کے کردار ادا کرنے پر کوئی پچھتاوا نہیں، میں نے 7 سے 8 سال سے ٹی وی پر وہ کردار نہیں کیے لیکن آج بھی ان کی وجہ سے مجھے بہت سے کارپوریٹ شوز ملتے ہیں۔
’چونکہ ہم فلموں میں کام کرتے ہیں تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ جیسے فلم ’دیوار‘ میں امیتابھ بچن کے کردار کے ہاتھ پر لکھا تھا کہ ’میرا باپ چور ہے‘، کہیں میرے بیٹے کے ہاتھ پر کوئی نہ لکھ دے کہ ’میرا باپ عورت ہے‘۔



