اسرائیلی وزیرکی ہزاروں اسرائیلیوں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی، مسجد کے احاطے میں داخل ہوکر اسرائیلی پرچم لہرایا

غزہ(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیل کے انتہا پسند وزیر برائے قومی سلامتی اتمار بن گویر نے ہزاروں اسرائیلیوں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی اور مسجد کے احاطے میں اسرائیلی جھنڈا لہرا کر اشتعال انگیزی کی۔
فلسطینی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے اس موقع پر قدیم شہر میں فلسطینیوں کی نقل و حرکت محدود کر دی، ان کی دکانیں بند کروا دیں اور مسجد اقصیٰ کے اطراف سخت ناکہ بندی کر دی۔
یروشلم ڈے کے موقع پر ہونے والے مارچ میں شریک اسرائیلی قوم پرستوں نے نسل پرستانہ نعرے لگائے اور فلسطینیوں کو ہراساں بھی کیا۔
یہ مارچ 1967 میں مشرقی بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کی یاد میں منعقد کیا جاتا ہے جسے فلسطینی عوام اپنی شناخت اور مقدس مقامات کے خلاف کھلی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج کی بلا اشتعال کارروائیاں ناقابل قبول ہیں، مقدس مقامات کی تاریخی و قانونی حیثیت متاثرکرنے والی کارروائیوں کو مسترد کرتےہیں۔
سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو ایسے پرتشدد اقدامات سے باز رکھنے کے لیے فوری کردار ادا کرے۔



