آزاد کشمیر انتخابات: لاہور میں مہاجرین کی دو نشستوں پر کل پولنگ ہوگی، انتظامات مکمل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ کل (اتوار) منعقد ہوگا، جس کے تحت لاہور میں مہاجرین کی دو اہم نشستوں LA-34 جموں ون اور LA-41 ویلی ٹو پر پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن نے دونوں حلقوں میں انتخابی انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جبکہ پولنگ عملے کو بیلٹ بکس اور دیگر انتخابی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹنگ کا عمل پرامن اور شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔
LA-34 جموں ون
اس حلقے میں 5,965 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ 17 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
اہم امیدواروں میں مسلم لیگ (ن) کے ناصر حسین ڈار، پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری عبدالقادر چوہان، استحکام پاکستان پارٹی کے بلال مختار بٹ اور جماعت اسلامی کے راجہ محمد سہیل شامل ہیں، جبکہ دیگر آزاد امیدوار بھی قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
اس حلقے کے لیے مجموعی طور پر 25 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 15 لاہور میں جبکہ باقی دیگر اضلاع میں قائم کیے گئے ہیں۔
LA-41 ویلی ٹو
اس نشست پر 6,410 رجسٹرڈ ووٹرز ووٹ ڈالیں گے، جبکہ 9 امیدوار مدمقابل ہیں۔
نمایاں امیدواروں میں مسلم لیگ (ن) کے محمد عامر شاہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے غلام عباس، استحکام پاکستان پارٹی کے سعید احمد ڈار اور جماعت اسلامی کے منظور احمد شامل ہیں۔
اس حلقے کے لیے مجموعی طور پر 19 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 13 لاہور، 4 شیخوپورہ، ایک ننکانہ صاحب اور ایک قصور میں بنایا گیا ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں، جن میں شاہدرہ، راوی روڈ، مستی گیٹ، شاد باغ، مصری شاہ، موچی گیٹ، چوبرجی، کرشن نگر، والٹن روڈ اور گلبرگ شامل ہیں، پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں مرد و خواتین کے لیے علیحدہ پولنگ بوتھ مختص کیے گئے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ قصور میں صرف دو رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے بھی ایک مکمل پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے، جو اس انتخاب کا منفرد پہلو بن گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں اور انتخابی عمل کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔



