آزاد کشمیر انتخابات: مرکزی جمعیت اہلحدیث کے 5 امیدوار مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 سے قبل سیاسی سرگرمیاں مزید تیز ہو گئی ہیں، جبکہ مرکزی جمعیت اہلحدیث آزاد جموں و کشمیر نے اپنے پانچ امیدواروں کو مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار کرنے کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم پاکستان کے مشیر رانا ثناء اللہ کی موجودگی میں مرکزی جمعیت اہلحدیث آزاد جموں و کشمیر کے ناظمِ اعلیٰ محمد امین بٹ نے حلقہ ایل اے-29 مظفرآباد 3 اور ایل اے-26 نیلم 1 سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

اس کے علاوہ جماعت کے مزید تین حلقوں کے امیدواروں نے بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کرتے ہوئے انتخابی میدان سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں آئندہ انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی کے مقصد سے مشترکہ انتخابی مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ پیش رفت آزاد کشمیر کے عام انتخابات سے قبل سیاسی اتحادوں اور انتخابی حکمت عملی کے حوالے سے اہم قرار دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button