برطانیہ میں ایئر ٹریفک سسٹم فیل، ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایئر ٹریفک کنٹرول کے فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں اچانک تکنیکی خرابی کے باعث ملک کے بڑے ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور سیکڑوں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

برطانیہ کی نیشنل ایئر ٹریفک سروسز (NATS) کے مطابق خرابی فلائٹ ڈیٹا پروسیسنگ سسٹم میں پیدا ہوئی، جس سے ہیتھرو، گیٹوک، مانچسٹر اور اسٹینسٹیڈ سمیت 15 بڑے ایئرپورٹس متاثر ہوئے۔

حکام کے مطابق تکنیکی مسئلہ حل کرلیا گیا ہے، تاہم پروازوں کا بیک لاگ ختم کرنے میں وقت لگ رہا ہے اور بدھ کو بھی مزید تاخیر اور منسوخی کا امکان ہے۔ ہیتھرو ایئرپورٹ پر رات گئے آمدورفت معطل رہی جبکہ روانگی کا آپریشن محدود انداز میں بحال کیا گیا۔

فلائٹ ٹریکنگ کے اعداد و شمار کے مطابق منگل کو ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ متعدد پروازیں کئی گھنٹوں تک تاخیر کا شکار رہیں۔ خرابی کے باعث بعض طیاروں کو برطانیہ سے باہر یورپی ایئرپورٹس پر روکنا یا اتارنا پڑا۔

تکنیکی خرابی کے بعد برطانوی ایئرلائنز اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بعض بڑی ایئرلائنز نے NATS کے نظام کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے اصلاحات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

NATS کے مطابق خرابی کے دوران فضائی سفر کی سلامتی متاثر نہیں ہوئی، تاہم برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے تاکہ سسٹم کی قابلِ اعتماد کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button