افغان طالبان پرفتنہ الخوارج کی پشت پناہی ثابت ہوگئی

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)افغان طالبان کی جانب سے فتنہ الخوارج کی سرپرستی کے ناقابلِ تردید شواہد منظرِ عام پر آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس کے مطابق افغان سرزمین پر اس گروہ کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جا رہی ہیں اور پاکستان میں دراندازی کیلئے سہولت کاری بھی جاری ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ بات واضح ہوتی جا رہی ہے کہ افغان طالبان فتنہ الخوارج کو پاکستان کے خلاف بطور ’’اسٹریٹجک اثاثہ‘‘ استعمال کر رہے ہیں۔
صوبہ کنڑ سے فتنہ الخوارج کے کمانڈر عبدالحمید خراسانی کی ایک دھمکی آمیز ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ پاکستان کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے نظر آتے ہیں۔ویڈیو پیغام میں عبدالحمید خراسانی کا کہنا ہے کہ ان کے زیادہ تر جنگجو علاقے میں موجود ہیں اور احکامات کے منتظر ہیں تاکہ پاکستان کی فوج کو جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے تمام جنگجوؤں اور افغان عوام پر افغان قیادت کے دفاع کو لازم قرار دیا۔ماہرین کے مطابق فتنہ الخوارج کے کمانڈرز کا افغان طالبان کے احکامات کے تابع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ افغان طالبان اس گروہ کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔



