افغان باشندوں کی وطن واپسی حکومتی پالیسی کے مطابق یقینی بنائی جائے، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کی ہدایت

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس مکلی میں غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کے حوالے سے ضلعی سطحی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کے عمل، حکومتی پالیسی پر عملدرآمد، بین الادارہ جاتی رابطوں اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ متعلقہ افسران نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے ہدایت کی کہ حکومتِ پاکستان اور حکومتِ سندھ کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل اور مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیں تاکہ وطن واپسی کا عمل قانون اور ضابطوں کے مطابق، منظم اور شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے۔



