تھرکول بلاک ون میں افسوسناک حادثہ، مزدور بوائلر میں گر کر جاں بحق، حفاظتی انتظامات نہ ہونے پر مزدوروں کا احتجاج

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی) تھرکول بلاک ون میں شنگھائی کمپنی کے پاور پلانٹ پر کام کرنے والا مقامی مزدور، گاؤں آڈی کی تڑ کا رہائشی نوجوان اومیش بھیل، پلانٹ کے گرم بوائلر کے اندر گر کر جاں بحق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق لاش کئی گھنٹوں سے بوائلر کے اندر پڑی رہي جبکہ ریسکیو عملہ لاش نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
بلاک ون پر کام کرنے والے مقامی مزدوروں کا کہنا ہے کہ کمپنی انتظامیہ کی غفلت کے باعث بغیر کسی حفاظتی انتظامات کے انہیں خطرناک حالات میں کام کرنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تھرکول بلاک ون میں اس سے پہلے بھی کئی نوجوان مختلف اوقات میں کام کے دوران حادثات کا شکار ہو کر اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، مگر کمپنیوں پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔
مزدوروں کے مطابق تھرکول بلاک ٹو کے مقابلے میں تھرکول بلاک ون میں کوئی حفاظتی سہولت موجود نہیں۔ پیش آنے والے واقعات اور مسائل کے حوالے سے کوئی ذمہ دار افسر بھی مقرر نہیں جو دیہاتیوں، متاثرین یا میڈیا نمائندوں کو فوری جواب دے سکے۔ اتنے بڑے منصوبے میں بدانتظامی کی انتہا ہے، جبکہ مقامی مزدوروں اور رہائشیوں کی فریاد سننے والا کوئی نہیں۔
اس وقت بڑی تعداد میں مزدور اور دیہاتی تھرکول بلاک ون پاور پلانٹ کے گیٹ پر جمع ہیں۔ مزدوروں کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹ میں کام کرنے والے سینکڑوں مزدوروں کے لیے کوئی حفاظتی انتظام موجود نہیں، جس کے باعث حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔



