امریکا سے رابطے جاری، لیکن کسی معاہدے کا دعویٰ قبل از وقت ہے، عباس عراقچی

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ بات چیت اور پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ دونوں ممالک کسی حتمی نتیجے یا معاہدے تک پہنچ چکے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ اس وقت مختلف ذرائع سے سامنے آنے والی اطلاعات محض قیاس آرائیاں ہیں، جنہیں حتمی یا مستند قرار نہیں دیا جا سکتا۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے کی طرح امریکی نمائندے سٹیو ویٹکوف کے براہ راست پیغامات موصول ہوتے ہیں، لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ایران اور امریکا کے درمیان باقاعدہ مذاکرات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں کسی بھی فریق کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں، تمام سفارتی پیغامات وزارت خارجہ کے ذریعے ہی بھیجے اور وصول کیے جاتے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ایران کا ماضی کا تجربہ خوشگوار نہیں رہا، کیونکہ ایک مرحلے پر معاہدہ طے پانے کے باوجود بعد ازاں امریکا اس سے الگ ہو گیا تھا، جس کے باعث تہران محتاط انداز میں پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہے۔



