لاسی برادری کاپولیس کیخلاف احتجاج،نوجوان پرتشدد کرنے والوں کی گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاوید لطیف میمن/جانوڈاٹ  پی کے)ٹھٹھہ میں لاسی برادری کے لوگوں نے پولیس کی مبینہ بے حسی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ایک نوجوان پر بروہی برادری کے کچھ نوجوانوں نے حملہ کر کے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث وہ تشویشناک حالت میں کراچی کے اسپتال میں زیر علاج ہے۔احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی اور نہ ہی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوئی کارروائی کی گئی ہے۔پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے احتجاج کرنے والوں میں ایاز لاسی، ظفر لاسی، مظفر لاسی، خالق لاسی، وڈیرو حنیف لاسی اور لاسی برادری کے دیگر افراد شامل تھے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ نوجوان کو انصاف فراہم کیا جائے اور واقعے میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق فوری ایف آئی آر درج کر کے انہیں گرفتار کیا جائے۔احتجاج کرنے والوں نے کہا کہ ان کے نوجوان پر بے رحمانہ حملہ کیا گیا، جس کے سبب اسے شدید زخمی حالت میں کراچی منتقل کیا گیا، جہاں وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس کے پاس بار بار جانے کے باوجود ان کی فریاد نہیں سنی جا رہی، جس کی وجہ سے متاثرہ خاندان اور برادری میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button