میونسپل کمیٹی مٹھی نے 58 کروڑ 17 لاکھ روپے کا ٹیکس فری اور سرپلس بجٹ منظور کر لیا

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) میونسپل کمیٹی مٹھی کا سالانہ بجٹ اجلاس چیئرمین ڈاکٹر منوج کمار ملاّنی کی صدارت میں میونسپل کمیٹی ہال مٹھی میں منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے لیے 58 کروڑ 17 لاکھ 87 ہزار 547 روپے کا ٹیکس فری اور سرپلس سالانہ بجٹ پیش کیا گیا، جسے اکثریتی رائے سے منظور کر لیا گیا۔ بجٹ کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے علاوہ شہر کی ترقی اور عوامی فلاح کے مختلف منصوبوں کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ میں مٹھی شہر کی خوبصورتی کے لیے 1 کروڑ 25 لاکھ روپے، پیور بلاک اور سی سی سڑکوں کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے، نئی سیوریج لائنوں اور نالیوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 1 کروڑ روپے، نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 6 کروڑ 50 لاکھ روپے، شجرکاری مہم کے لیے 20 لاکھ روپے، پارکوں کی مرمت کے لیے 40 لاکھ روپے، سماجی بہبود، ثقافتی سرگرمیوں، عید، دیوالی، ہولی سمیت دیگر مذہبی و قومی تہواروں کے لیے 45 لاکھ روپے، مال مویشی منڈی (مال پڑی) فیس کے لیے 7 لاکھ روپے جبکہ قومی دنوں کی تقریبات کے لیے 35 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر منوج کمار ملاّنی نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ مٹھی آج سندھ کے خوبصورت اور بہترین شہروں میں شمار ہوتا ہے، جس کا کریڈٹ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں اور میونسپل کمیٹی کی مشترکہ کاوشوں کو جاتا ہے۔ اجلاس میں وائس چیئرپرسن سمترا منجیاڑی، کھاٹاؤ مکھی، کنور امر، گل حسن بجیر، منوج راٹھی، ونیش بھگت، جھاجھن میگھواڑ، ٹھارومل ترکھیو سمیت دیگر منتخب اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجود تمام اراکین نے اکثریتی رائے سے بجٹ کی منظوری دیتے ہوئے اسے شہر کی ترقی، عوامی فلاح اور بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

مزید خبریں

Back to top button