سجاول میں طالب علم مانک لغاری کی گمشدگی پر احتجاجی ریلی،جلد بازیابی کا مطالبہ

سجاول(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے ساحلی ضلع سجاول میں طالب علم نوجوان مانک لغاری کی مبینہ گمشدگی کے خلاف طلبہ، شہریوں، سماجی کارکنوں اور اہل خانہ کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
احتجاجی ریلی مامولاڈو چوک سے شروع ہوئی جس کی قیادت مانک لغاری کے ورثا، طلبہ اور سماجی کارکنوں نے کی۔ ریلی میں شریک مظاہرین نے نوجوان کی بازیابی کے لیے شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ مانک لغاری کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ طلبہ کی گمشدگی باعث تشویش ہے، متعلقہ ادارے فوری اقدامات کرتے ہوئے نوجوان کی بحفاظت واپسی یقینی بنائیں۔
ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پبلک پارک پہنچی جہاں مظاہرین نے احتجاجی دھرنا دیا۔ اس موقع پر مقررین نے نوجوان کی بازیابی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔



