دیپال پور: باپ کے قتل کا لرزہ خیز انکشاف، حقیقی بیٹا اور ملازم گرفتار

دیپال پور (محمد اسلم بھٹی/جانو ڈاٹ کام) دیپال پور کے علاقے حویلی لکھا، گاؤں 43 ایس پی میں پیش آنے والے قتل کے ایک ہولناک واقعے میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتول کا حقیقی بیٹا ہی اپنے والد کے قتل کا مبینہ منصوبہ ساز نکلا، جبکہ قتل میں ملوث ملازم سمیت دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق 16 جولائی کی شام ملک محمد حسین اپنے زرعی فارم پر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد مقتول کے بیٹے علی حیدر نے مخالفین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

تاہم دورانِ تفتیش پولیس کو مقدمے کے مدعی پر شبہ ہوا، جس پر اس کے ملازم علی احمد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم علی احمد نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے اپنے مالک علی حیدر کے کہنے پر ملک محمد حسین پر فائرنگ کر کے انہیں قتل کیا۔

حویلی لکھا پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا ہے، جبکہ مقتول کے بیٹے علی حیدر اور ملازم علی احمد کو مقدمے میں نامزد کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button