فٹنس بہت ضروری ہے، جو کھلاڑی فٹ ہوگی وہی ٹیم کا حصہ بنے گی،فاطمہ ثنا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ویمن کرکٹ کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو کھلا پیغام دے دیا ہے کہ فٹنس بہت ضروری ہے، جو کھلاڑی فٹ ہوگی وہی ٹیم کا حصہ بنے گی۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی ویمن کپ کی میزبان پاکستان کے لیے اعزاز ہوگا۔ عالمی ویمن ٹی ٹونٹی کپ میں پاکستان ٹیم نے اپنی بھرپور کارکردگی دکھانے کی کوشش کی، بدقسمتی سے نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے۔ بڑی ٹیموں سے مقابلے میں فطری دباؤ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں کھلاڑی کا فٹ ہونا بہت لازمی اور ضروری ہے، کھیل کی تکنیک اپنی جگہ لیکن فزیکل فٹنس بہت لازمی عنصر ہے۔
فاطمہ ثنا نے کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم کو اس وقت بہت زیادہ سپورٹ کی ضرورت ہے، حوصلہ افزائی سے کھلاڑی میں اعتماد پیدا ہوتا ہے۔
پاکستان کو عالمی ویمن کپ کی میزبانی ملنا ایک اعزاز ہے، امید ہے کہ تماشائی میدان میں آکر ویمن کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کریں گے۔



