ایف بی آر نے چھوٹی دکانوں میں ان لینڈ ریونیو افسران کے داخلے پر پابندی لگا دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ان لینڈ ریونیو افسران کے چھوٹی دکانوں میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔

ریونیو ڈویژن نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا، اعلامیے کے مطابق دکانداروں کو آئیرس ویب پورٹل یا موبائل ایپلی کیشن پر سادہ ریٹرن جمع کرانا ہوگا،  ریٹرن میں خرید و فروخت، اخراجات اور منافع کی تفصیلات درج ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرن میں دکانداروں کو اپنے جائز اثاثے ظاہر کرنے کی سہولت دی گئی ہے، دکاندار  اپنے مجموعی کاروباری حجم پر ایک فیصد ٹیکس ادا کریں گے، دکانداروں کو واجب الادا ٹیکس سے ودہولڈنگ انکم ٹیکس رقم ایڈجسٹمنٹ کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رجسٹرڈ دکانداروں کو اپنے دکان کے باہر آویزاں کرنے کیلئے سبز پلیٹ جاری ہوگی، سبز پلیٹ والی دکانوں میں ان لینڈ ریونیو افسران کو ٹیکس معاملات کے لیے داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، سبز  پلیٹ پر مخصوص کیو  آر کوڈ، دکاندار کا نام، این ٹی این نمبر اور دکان کا پتہ درج ہوگا۔

یہ انتظام ٹیکس سال 2026 کے لیے 20کروڑ روپے سالانہ کاروبار کرنے والی دکانوں کے لیے ہے، ٹیئرون ریٹیلرز اور زیورات فروخت کرنے والے دکاندار  اس میں شامل نہیں ہونگے، اس سلسلے میں ایس آر  او 1109 دو ہزار چھبیس جاری کردیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button