ڈیموکریٹس کے ایران جنگ پر شدید اعتراضات،امریکی سینیٹ میں سالانہ دفاعی پالیسی بل پربحث رکوا دی

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)ڈیموکریٹس نے ایران جنگ پر شدید اعتراض کرتے ہوئے امریکی سینیٹ میں سالانہ دفاعی پالیسی بل پربحث رکوا دی۔

ڈیموکریٹس نے نہ صرف صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران جنگ پر شدید اعتراض کیا ہے بلکہ ان شقوں پر بھی کڑی تنقید کی ہے جن کے تحت امریکا اوراسرائیل کی افواج ایک دوسرے کےساتھ فوجی اور انٹیلیجنس تعاون بڑھاسکیں گی۔

امریکی سینیٹ میں اس معاملے پر ہوئی ووٹنگ میں بل 46 کے مقابلے میں 50  ووٹوں سے مستردکردیا گیا۔

ٹرمپ انتظامیہ نےایک ٹریلین ڈالر سے زائد مالیت کا بل تجویز کیا ہے تاہم 100 رکنی سینیٹ میں بل کو منظوری کیلئے 60  ووٹ درکار تھے۔

ایک شق کے تحت پینٹاگان امریکا اور اسرائیل کےدرمیان دفاعی ٹیکنالوجی میں رابطہ کاری کیلئے اہلکار کا تقرر کرےگا۔ اسلحہ کی تحقیق اور پیداوار مشترکہ طور پر کی جائے گی اور ایک ملک کی ٹیکنالوجی کو دوسرے ملک کے فوجی نظام کے ساتھ ضم بھی کیا جائےگا۔

ڈیموکریٹس نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک ایسے موقع پر کہ جب صدرٹرمپ ایران کیخلاف جنگ بڑھا رہے ہیں، کانگریس کو اس معاملے پر پیشرفت نہیں کرنا چاہیے۔

سینیٹ میں اقلیتی لیڈر چک شومر نے کہا کہ بل منظور کرنےکا مطلب ٹرمپ کو کانگریس کی نگرانی کے بغیرایران جنگ جاری رکھنے کا اجازت نامہ دینے کے مترادف ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button