ڈاکٹر آکاش قتل کیس: 36 گھنٹوں میں تینوں ملزمان گرفتار، واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور موٹر سائیکل کا بھی سراغ لگا لیا، کراچی پولیس


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا ہے کہ ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں ملوث تینوں ملزمان کو 36 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور گاڑی کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔
کراچی میں ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر اور دیگر پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد رضا نے بتایا کہ فریئر کے علاقے میں ڈاکٹر آکاش کو مبینہ ڈکیتی کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے واقعے کے 24 گھنٹوں کے اندر اہم شواہد اکٹھے کیے اور جدید تفتیشی طریقہ کار کے ذریعے 36 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر آکاش کے بینک پہنچنے سے قبل ہی ملزمان وہاں موجود تھے۔ ایک ملزم نے ریکی کر کے اپنے ساتھیوں کو اطلاع دی، جس کے بعد واردات کو انجام دیا گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق تفتیش کے دوران 100 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی گئیں، جن کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری ممکن ہوئی۔ پولیس کے مطابق واردات میں ایک موٹر سائیکل اور ایک گاڑی استعمال کی گئی تھی، جبکہ موٹر سائیکل پر سوار تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اسد رضا نے مزید بتایا کہ ملزمان کو ڈیفنس تھانے کی حدود سے گرفتار کیا گیا، ان کے قبضے سے رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔