16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی رکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کی جائے تاکہ انہیں آن لائن پلیٹ فارمز کے ممکنہ منفی اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
قرارداد کے متن کے مطابق 16 سال سے کم عمر بچوں کی ویڈیو اور فوٹوگرافی پر بھی پابندی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مزید برآں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے مؤثر قانونی اور ریگولیٹری نظام وضع کیا جائے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے نفسیاتی اور اخلاقی تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، جبکہ پی ٹی اے اس امر کو یقینی بنائے کہ تمام موبائل اور سوشل میڈیا ایپس پر بچوں کے لیے نقصان دہ یا نامناسب مواد کو فوری طور پر روکا جائے۔
یہ قرارداد فی الحال ایک تجویز ہے، جس پر پنجاب اسمبلی میں بحث اور متعلقہ قانون سازی کے مراحل کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ یا قانونی پابندی نافذ ہو سکتی ہے۔



