تھرپارکر میں آٹے کے نئے سرکاری نرخ مقرر، ڈپٹی کمشنر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) کھلے بازار میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی فوڈ کنٹرولر، بیورو آف سپلائز اینڈ پرائسز کے افسران، فلور ملز ایسوسی ایشن، آٹا چکی ایسوسی ایشن، کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن، سپر مارکیٹس کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ فریقین نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کھلے بازار میں 100 کلو گندم کی بوری 11 ہزار 500 سے 11 ہزار 800 روپے تک فروخت ہو رہی ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں آٹے کی قیمت 150 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور آٹے کی یکساں نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے باہمی مشاورت سے نئے سرکاری نرخ مقرر کیے گئے۔

اجلاس میں اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ فلور ملز کے آٹے کی تھوک قیمت 115 روپے فی کلو جبکہ خوردہ قیمت 118 روپے فی کلو ہوگی۔ اسی طرح آٹا چکیوں اور دکانوں کے لیے آٹے کی تھوک قیمت 125 روپے فی کلو اور خوردہ قیمت 128 روپے فی کلو مقرر کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نئے مقررہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں آٹے کے نئے سرکاری نرخوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والوں، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خور عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر کوئی دکاندار مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت وصول کرے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ ایسوسی ایشنوں اور نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے سرکاری طور پر مقرر کردہ آٹے کے نرخوں پر عملدرآمد پر اتفاق کیا۔

مزید خبریں

Back to top button