تھرپارکر: کلوئی میں ہیلتھ کیئر کمیشن کا عطائی ڈاکٹروں کیخلاف کریک ڈاؤن،متعدد غیر قانونی کلینکس سیل

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کی تحصیل کلوئی میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن اور ضلعی محکمہ صحت نے غیر رجسٹرڈ کلینکس اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی کلینکس کو سیل کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران کئی عطائی ڈاکٹر اپنی کلینکس بند کرکے فرار ہو گئے۔ کارروائی کے دوران ونگو پتن، ستون میل، بلوچ آباد اور گردونواح کے دیگر علاقوں میں قائم غیر رجسٹرڈ کلینکس کا معائنہ کیا گیا۔ قانونی تقاضے پورے نہ ہونے پر مختلف کلینکس کو سیل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق کئی افراد بغیر قانونی اجازت اور طبی اہلیت کے مریضوں کا علاج کر رہے تھے، جس سے عوام کی صحت کو سنگین خطرات لاحق تھے۔ ضلعی ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے کہا کہ کلوئی اور ملحقہ علاقوں میں عطائی ڈاکٹروں نے غیر قانونی طور پر اپنے اڈے قائم کر رکھے تھے اور غریب عوام سے بھاری فیسیں وصول کرکے ان کا استحصال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے مزید بتایا کہ حالیہ دنوں میں کلوئی تحصیل میں کالا یرقان سمیت مختلف بیماریوں کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے پیش نظر غیر معیاری اور غیر قانونی طبی خدمات فراہم کرنے والوں کے خلاف مہم تیز کر دی گئی ہے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی محکمہ صحت اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے مشترکہ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور کسی بھی عطائی یا غیر رجسٹرڈ ڈاکٹر کو عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



