مولانا نے پوری تاریخِ اسلام کے شہدا کی تضحیک کی،شہدا کی قربانیوں کو تنخواہ سے جوڑنا ناقابلِ قبول ہے، فیاض الحسن چوہان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) استحکام پاکستان پارٹی کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کی قربانیوں کو تنخواہ سے جوڑنا پوری قوم کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاک فوج کے جوان پیسوں یا تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ وطن، قوم اور نظریے کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان سے پوری تاریخِ اسلام کے شہدا کی تضحیک ہوئی ہے، جبکہ شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کا احترام ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن عناصر سازشیں کر رہے ہیں، لیکن سرحدوں پر تعینات سکیورٹی فورسز اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر ملک کا دفاع کر رہی ہیں۔

انہوں نے میجر عدنان شہید کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ساتھی کی جان بچانے کے لیے اپنی جان قربان کی، جبکہ شہید تحسین کے والد نے بیٹے کی شہادت پر بھی "پاکستان زندہ باد” کا نعرہ لگا کر حب الوطنی کی مثال قائم کی۔

استحکام پاکستان پارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تنخواہ سیاست دان، ڈاکٹر اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد بھی لیتے ہیں، لیکن کسی کی خدمت، فرض شناسی یا قربانی کی اہمیت صرف تنخواہ کی بنیاد پر کم نہیں کی جا سکتی۔

مزید خبریں

Back to top button