خواتین ووٹرز کی تعداد بڑھانے کا منصوبہ، الیکشن کمیشن نے 62 اضلاع میں رجسٹریشن مہم تیز کر دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خواتین اور مرد ووٹرز کے درمیان صنفی فرق کم کرنے کے لیے ملک بھر میں خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن مہم تیز کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق موبائل رجسٹریشن وینز کے ذریعے دور دراز علاقوں سمیت ملک کے 62 اضلاع میں خواتین کی ووٹر رجسٹریشن مہم جاری ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ اہل خواتین کو انتخابی فہرستوں میں شامل کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق خصوصی مہم کے دوران تقریباً 18 لاکھ نئی خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ادارے کا مقصد ہر سال خواتین اور مرد ووٹرز کے درمیان موجود صنفی فرق میں ایک فیصد کمی لانا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2018 کے عام انتخابات کے بعد خواتین ووٹرز اور مرد ووٹرز کے درمیان فرق بتدریج کم ہو کر 7.74 فیصد رہ گیا ہے، تاہم اس خلا کو مزید کم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین کو شناختی کارڈ کے حصول اور ووٹر رجسٹریشن کی سہولت ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل خواتین انتخابی عمل کا حصہ بن سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button