ماجد ستی قتل کیس کا فیصلہ، فرخ کھوکھر سمیت 3 ملزمان کو عمر قید کی سزا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ماجد ستی قتل کیس میں مرکزی ملزم فرخ کھوکھر سمیت تین مجرمان کو عمر قید کی سزا سنا دی، جبکہ ایک ملزم کو بری کر دیا گیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشا اعجاز صوفی نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر فرخ کھوکھر سمیت تین ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ ملزم وسیم کو بری کر دیا گیا۔
فیصلہ سنائے جانے کے بعد فرخ کھوکھر سمیت کمرہ عدالت میں موجود تینوں مجرمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فرخ کھوکھر ضمانت پر تھا جبکہ دیگر دو ملزمان کو جیل سے عدالت لایا گیا تھا۔
عدالت نے سخت سکیورٹی حصار میں فرخ کھوکھر کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔
فیصلے کے موقع پر مقتول ماجد ستی کے ورثا اور لواحقین کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھی، جبکہ ملزمان کے حامی بھی بڑی تعداد میں پہنچے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جوڈیشل کمپلیکس میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے 23 اگست 2022 کو ماجد ستی کو قتل کیا۔ تھانہ صادق آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کیا تھا۔
پولیس کے مطابق مقتول ماجد ستی کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے تھا اور انہیں مبینہ طور پر پلاٹ پر قبضہ روکنے کے معاملے پر قتل کیا گیا۔ فرخ کھوکھر اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہوئے تھے۔



