آبنائے ہرمز کے متعلق ٹرمپ منصوبہ بحری قراقی ہے، برازیلی صدر

ریو ڈی جنیرو(مانیٹرنگ ڈیسک) برازیل کے صدر لولا دا سلوا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز سے متعلق منصوبے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بھاری راہداری فیس عائد کرنے کو قزاقی قرار دے دیا۔
برازیلی صدر لولا دا سلوا نے کہا کہ اگر امریکا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں سے بھاری فیس وصول کرتا ہے تو یہ عمل قزاقی کے مترادف ہوگا، ماضی میں بھی ایسے اقدامات کو قزاقی ہی کہا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایک طاقتور ملک ہے اور ماضی میں قزاقی کے خلاف کردار ادا کرتا رہا ہے، اس لیے اسے ایسا طرز عمل اختیار نہیں کرنا چاہیے۔
لولا دا سلوا کا کہنا تھا کہ عالمی بحری راستوں پر غیر ضروری مالی بوجھ عائد نہیں کیا جانا چاہیے، جبکہ بین الاقوامی تجارت اور آزاد بحری آمدورفت کے اصولوں کا احترام ہر ملک کی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھالنے اور وہاں سے گزرنے والے کارگو پر 20 فیصد راہداری فیس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔



