متحدہ عرب امارات کا آبنائے ہرمز سے بچنے کیلئے نئی بندرگاہ بنانے کا فیصلہ

ابوظہبی(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے دبئی کی بندرگاہ جبل علی پر انحصار کم کرنے اور آبنائے ہرمز کے ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے نئی کثیرالمقاصد بندرگاہ بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی پورٹ کا انتظام چلانے والی اماراتی کمپنی ڈی پی ورلڈ مشرقی ساحل پر ریاست فجیرہ میں نئی بندرگاہ تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد جبل علی بندرگاہ پر دباؤ کم کرنا اور ایسا متبادل راستہ قائم کرنا ہے جس کے ذریعے تجارتی سامان آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر متحدہ عرب امارات میں داخل یا باہر منتقل کیا جا سکے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ممکنہ معاشی اثرات سے خود کو محفوظ رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد دبئی کی جبل علی بندرگاہ کی سرگرمیوں میں 90 سے 95 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اماراتی کمپنی نے متبادل بندرگاہ کے قیام پر توجہ مرکوز کی۔
ڈی پی ورلڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق فجیرہ میں نئی بندرگاہ کا منصوبہ تقریباً ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔



