مٹھی: نواں کوٹ روڈ پر پولیس کانسٹیبل بھرتیوں کے ویٹنگ امیدواروں کا دھرنا، آفر آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)مٹھی نواں کوٹ روڈ پر فانگھاریو پولیس چیک پوسٹ کے قریب2024ءمیں سندھ پولیس کانسٹیبل بھرتیوں کے ٹیسٹ پاس کرنے والے ویٹنگ امیدواروں نے علی محمد نہڑی کی قیادت میں احتجاجی دھرنا دے کرسڑک بلاک کر دی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2024ء میں سندھ پولیس کانسٹیبل بھرتی کے تمام مراحل کامیابی سے مکمل کیے، تاہم تاحال انہیں آفر آرڈر جاری نہیں کیے گئے، جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں ٹیسٹ پاس امیدواروں کو آفر آرڈر جاری کر کے ان کی تربیت بھی مکمل کرائی جا چکی ہے۔
احتجاج کرنے والے امیدواروں نے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص رینج کے ڈی آئی جی فوری طور پر تھرپارکر کے ویٹنگ امیدواروں کو آفر آرڈر جاری کر کے انصاف فراہم کریں۔
مظاہرین نے مزید کہا کہ تھرپارکر کے منتخب نمائندے ارباب لطف اللہ، ڈاکٹر مہیش ملانی اور سریندر ولاسائی ضلع کے نوجوانوں کی آواز بنیں اور ان کے جائز مطالبات اعلیٰ حکام تک پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے لیے مختص پانچ فیصد کوٹے کے تحت بھی انہیں ان کا مکمل حق نہیں ملا، جبکہ جنرل میرٹ لسٹ میں بھی انہیں کوئی نشست نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے چند ماہ قبل اضافی نشستوں سے متعلق جاری کیے گئے خط پر عمل درآمد کرتے ہوئے اقلیتی امیدواروں کو بھی ان کا حق دیا جائے۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کریں گے۔



