گوادر پورٹ میں نئی تاریخ رقم، پہلی بار بین الاقوامی جہازوں کو ایندھن کی فراہمی

گوادر(جانوڈاٹ پی کے)گوادر پورٹ میں عالمی بحری تجارت میں تاریخ رقم ہوئی جہاں پاکستان کی بحری معیشت کے لیے ایک اہم سنگِ میل عبور کرلیا گیا ہے اور پہلی بار بین الاقوامی بحری جہازوں کو مقامی سطح پر ایندھن کی فراہمی کی گئی۔

نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے عالمی توانائی کمپنی وائیٹول کے تعاون سے گوادر پورٹ پر پہلی کامیاب بنکرنگ آپریشن مکمل کر لیا ہے، اس تاریخی آپریشن کے دوران متحدہ عرب امارات کی ملکیت والے ایل این جی جہاز ENUGU کو دو ہزار 500 میٹرک ٹن بین الاقوامی معیار کے مطابق ویری لو سلفر فیول آئل (VLSFO) فراہم کیا گیا۔

اس آپریشن کی ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ استعمال ہونے والا ایندھن پاکستان کی مقامی ریفائنری Cnergyico PK Limited میں تیار کیا گیا، جو عالمی معیار کے مطابق بحری ایندھن کی مقامی پیداوار کی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کامیابی سے گوادر پورٹ عالمی بحری جہازوں کے لیے ایک قابل اعتماد بنکرنگ ہب کے طور پر سامنے آیا ہے، خطے میں جاری جغرافیائی و سیاسی کشیدگی اور روایتی ایندھن فراہمی کے مراکز پر بڑھتے دباؤ کے تناظر میں گوادر عالمی بحری تجارت کے لیے محفوظ، مؤثر اور اسٹریٹجک متبادل بن سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت سے نہ صرف پاکستان کی بندرگاہی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ بلیو اکانومی، غیر ملکی سرمایہ کاری اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جس سے گوادر پورٹ کی عالمی اہمیت مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button