فلپائن میں طوفان،لینڈسلائیڈنگ اورسیلاب نے تباہی مچادی،15افرادہلاک،6لاپتہ

منیلا(جانوڈاٹ پی کے)طوفان باوی کے باعث جنوبی فلپائن میں لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات میں تقریباً15افراد ہلاک جبکہ قریبی جزیرے منڈاناؤ میں6افراد لاپتہ ہو گئے۔طوفان کے باعث جاپان کے جنوبی جزائر اور تائیوان میں بھی شدید بارشوں اور تیز ہواؤں سے نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا۔شدید موسمی حالات کے باعث جاپان میں345پروازیں منسوخ، فیری سروس معطل اور 24 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی معطل ہو گئی۔جاپان کے اوکیناوا اور ساکیشیما جزائر میں198کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
طوفان کا رخ تائیوان کی جانب ہونے پر تائیوان میں 14 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، جبکہ 920 بین الاقوامی اور280اندرونِ ملک پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔طوفان کے پیشِ نظر متعدد شہروں میں دفاتر اور تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے۔طوفان چین کے شہر وینژو سے بھی ٹکرانے کا امکان ہے۔چینی حکام نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر ہنگامی تیاریاں مکمل کر لیں، سیاحتی مقامات اور فیری سروس بھی معطل کر دی گئی۔



