بلوچستان میں بڑا انتظامی فیصلہ، کوئٹہ ضلع دو حصوں میں تقسیم، لسبیلہ نیا ڈویژن قائم


کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان حکومت نے ضلع کوئٹہ کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے بعد کوئٹہ ڈویژن اب تین اضلاع پر مشتمل ہو جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کوئٹہ کو ضلع کوئٹہ ایسٹ اور ضلع کوئٹہ ویسٹ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ضلع کوئٹہ ایسٹ میں سریاب، صدر اور سٹی سب ڈویژنز شامل ہوں گے، جبکہ ضلع کوئٹہ ویسٹ میں کچلاک، بروری اور پنجپائی سب ڈویژنز شامل کیے گئے ہیں۔
بلوچستان حکومت نے ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سے الگ کرکے کوئٹہ ڈویژن کا حصہ بھی بنا دیا ہے۔
دوسری جانب حکومت بلوچستان نے لسبیلہ ڈویژن کے قیام کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نئے ڈویژن میں لسبیلہ، حب اور آواران کے اضلاع شامل ہوں گے، جبکہ لسبیلہ ڈویژن کا ہیڈکوارٹر ضلع لسبیلہ میں قائم کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سب تحصیل سارونہ کو ضلع خضدار سے الگ کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کی دو یونین کونسلز کو دو مختلف اضلاع میں شامل کیا گیا ہے۔ ایک یونین کونسل ضلع لسبیلہ جبکہ دوسری یونین کونسل ضلع حب کا حصہ بنا دی گئی ہے۔