پاک چین دوستی مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے، مریم نواز شریف

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی آمد پرپر جوش خیر مقدم کیا اور کہا ہے کہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ کو حکومت پنجاب اور عوام کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہیں -وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ چینی وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کو باہمی دوستی کے نئے باب کی شروعات سمجھتے ہیں۔
چین اور پاکستان کے مابین تعلقات عالمی امن، خطے کی خوشحالی اور ترقی کے ضامن ہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی کا سہرا پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نوازشریف کے سر ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف پاک چائنہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں سی پیک کا آغاز پاک چین دوستی کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ چینی وزیراعظم کی آمد سے سی پیک پراجیکٹس میں تیزی آئے گی، روز گار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے- انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی دوستی، اعتماد اور احترام کی مضبوط بنیاد پر قائم ہے۔ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان اور چین کا باہمی تعاون تاریخ کا حصہ بن چکاہے۔ پاکستان اور چین مل کر خوشحال اور پرامن مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو عالمی خوشحالی کے لیے چین کے عزم کا اظہارکرتا ہے۔ چین کی اقتصادی ترقی کے ثمرات سے دنیا بھر کے لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے شرکاء کی آمدپرخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ رکن سربراہان کی 23 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کہتے ہیں- وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستا ن میں سربراہان مملکت کی آمد خوش آئند امر ہے – شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے باہمی تعاون کے نئے راستے کھلیں گے۔
ایس سی اوسمٹ کانفرنس کا انعقاد پوری قوم کے لئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہاکہ باہمی تعاون سے غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی کے اہداف پورے کئے جائیں گے۔ ایس سی او سمٹ کانفرنس پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔



