اورماڑہ:سمندر میں کارگو کشتی ڈوب گئی، پاک بحریہ کا بروقت آپریشن 20 افراد کو بچالیا

اورماڑہ(جانوڈاٹ پی کے)بلوچستان کے علاقے اورماڑہ کے قریب سمند میں کارگو کشتی الحمدان یعقوب ڈوب گئی تاہم پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) کے بروقت آپریشن کے باعث عملے کے تمام 20 ارکان کو بچالیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے نے 24 گھنٹوں میں دوسرا کامیاب ریسکیو آپریشن کیا اور اورماڑہ کے قریب کھلے سمندر میں ڈوبنے والی کارگو کشتی میں سوار کے پاکستانی عملے کے 20 ارکان کو بچالیا۔
بیان کے مطابق کارگو کشتی ‘الحمدان یعقوب’ انجن روم میں پانی بھرنے سے ڈوب گئی، کشتی میں عملے کے 20 ارکان سوار تھے، جو سب پاکستانی شہری تھے تاہم پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے بروقت پہنچ کر عملے کے تمام افراد کو بچا لیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹر اور پی ایم ایس اے کے ڈیفنڈر جہاز نے بھی حصہ لیا۔
بیان میں کہا گیا کہ کارگو کشتی ڈوبنے کا واقعہ اورماڑہ سے 32 ناٹیکل میل جنوب میں پیش آیا، بچائے جانے والے تمام 20 افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ نے ایک بار پھر بروقت اور مؤثر کارروائی سے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت دیا ہے۔



