غیر ملکی خواتین کا اغوا اور زیادتی کیس،رضا ڈار سمیت 4 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں5روزکی توسیع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور کی عدالت نے 2 غیر ملکی خواتین کے اغوا اور زیادتی کیس میں رضا ڈار سمیت 4 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کر دی۔
لاہور پولیس نے 2 غیر ملکی خواتین سےمبینہ زیادتی اور اغوا کے مقدمے میں گرفتار ملزموں رضا ڈار، سکندر خان، حسن رضا اور ساجد علی کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود کی عدالت میں پیش کیا۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ لیپ ٹاپ، اسلحہ اور گاڑی کی برآمدگی کرنا ہے، ملزموں کامزید 9 دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
2ملزموں سکندر اور ساجد کی جانب سے وکیل سلمان شاہد پیش ہوئے، انہوں نے دلائل دیے کہ ملزم ساجد سکیورٹی گارڈ اور غریب گھرانے سے تعلق رکھتاہے جبکہ سکندر کا ذاتی کاروبارہے، دونوں ملزم مقدمے میں نامزد نہیں، بلکہ انہیں ضمنی بیان کی روشنی میں گرفتار کیا گیا۔
وکیل نے کہا کہ بڑے ملزموں کو بچانے کے لیے غریبوں کو پھنسایا جارہا ہے، مرکزی ملزم باس ہے مگر ابھی تک اسے کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
سماعت کے بعدعدالت نےملزموں کا مزید 5 دن کے لیے جسمانی ریمانڈ دے دیا۔



