کراچی میں ایچ آئی وی کے مبینہ پھیلاؤ کا خدشہ، 50 ہزار ٹیسٹنگ کٹس کے ساتھ ہنگامی اسکریننگ شروع کرنے کا فیصلہ


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) حکومت نے کراچی میں ایچ آئی وی کے مبینہ پھیلاؤ کے پیشِ نظر بڑے پیمانے پر اسکریننگ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام ولیکا اسپتال اور پٹھان کالونی کے علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ایچ آئی وی ٹیسٹنگ کا آغاز کرے گا، جبکہ اس حوالے سے وفاقی حکومت سندھ حکومت کو مکمل معاونت فراہم کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کو 50 ہزار ایچ آئی وی ٹیسٹنگ کٹس فراہم کی جائیں گی، جن کے ذریعے متاثرہ یا مشتبہ افراد کی اسکریننگ کی جائے گی۔
منصوبے کے تحت ولیکا اسپتال آنے والے تمام مشتبہ افراد کے ایچ آئی وی ٹیسٹ کیے جائیں گے، جبکہ پٹھان کالونی کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر افراد کی بھی اسکریننگ کی جائے گی۔
حکام کے مطابق اسکریننگ کے دوران جن افراد میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوگی، انہیں فوری طور پر رجسٹر کیا جائے گا، جس کے بعد انہیں حکومت کی جانب سے مفت ادویات اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔