مریم نواز سے ارکانِ اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر اعتماد کا اظہار

لاہور / اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکانِ صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین خان اور محمد عون جہانگیر نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران حلقہ جاتی مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ارکانِ اسمبلی نے کاہنہ سانحے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے دعا بھی کی۔

ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو پنجاب کا مسلسل تیسرا سرپلس بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی اور "اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم سمیت گرین الیکٹرک بس منصوبے کو تحصیل سطح تک توسیع دینے کے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ کے عوامی فلاحی وژن، روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری، بیوٹیفکیشن منصوبوں، خواتین اور بچوں کے لیے متعارف کرائی گئی فلاحی اسکیموں اور محرم الحرام کے دوران بہترین سکیورٹی، صفائی اور سبیلوں کے انتظامات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکانِ اسمبلی کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کا درس قائد محمد نواز شریف سے سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی مراکزِ صحت کی اپ گریڈیشن کے ذریعے علاج کی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہیں، جبکہ "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں تقریباً سوا لاکھ گھر تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ارکانِ اسمبلی کو اپنے اضلاع میں عید میلاد النبی ﷺ کے انتظامات بھرپور انداز میں یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

مزید خبریں

Back to top button