5سال میں وفاق نے خیبرپختونخوا کو34کھرب88ارب روپے دیے،دستاویزپیش

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)5سال میں خیبرپختونخوا کو وفاق سے کتنے فنڈز ملے؟ اعداد و شمار کے پی اسمبلی میں پیش کردیے گئے۔دستاویز کے مطابق گزشتہ پانچ سال میں خیبرپختونخوا کو وفاق سے34کھرب88ارب67کروڑ50لاکھ روپے ملے، سال2021ءسے 2025ء تک وفاق نے این ایف سی اور وار آن ٹیرر کی مد میں خیبر پختونخوا کو فنڈز فراہم کیے، گزشتہ پانچ سال کے دوران وفاق نے این ایف سی کی مد میں صوبے کو 31 کھرب 14 ارب 45 کروڑ روپے دیے، وار آن ٹیرر کی مد میں صوبے کو وفاق سے3کھرب74ارب22کروڑ40لاکھ روپے ملے۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ یبر پختونخوا کو وفاق سے سب سے زیادہ فنڈز مالی سال 2024-25 میں ملے، مالی سال 2024-25میں صوبے کو وفاق سے10کھرب46ارب87کروڑ50لاکھ روپے ملے، گزشتہ مالی سال وفاق نے وار آن ٹیرر کی مد میں صوبے کو1کھرب12ارب22کروڑ96لاکھ روپے دیے۔

دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال این ایف سی کی مد میں وفاق سے صوبے کو 9 کھرب 34 ارب 57 کروڑ 90 لاکھ روپے ملے، گزشتہ پانچ سال میں وفاقی فنڈز میں خیبر پختونخوا کا حصہ 36 کھرب 47 ارب 64 کروڑ 90 لاکھ روپے بنتا ہے۔

ایم پی اے احمد کریم کنڈی نے صوبے کو ملی گئی رقم کے اعداد و شمار میں تضاد کا نکتہ اٹھایا اور کہا کہ جو اعدادوشمار وائیٹ پیپر میں آئے ہیں ان میں 60 ارب کا تضاد آرہا ہے، ہمیں بتایا جائے کہ یا یہ وائیٹ پیپر جھوٹا ہے یا یہ بجٹ۔

صوبائی وزیر خزانہ آفتاب عالم نے کہا کہ سوال سے متعلق جوابات مکمل دیے گئے ہیں، جو پیسے ملے ہیں اور جو ہمارا حق بنتا ہے ان میں تضاد مختلف وجوہات کی وجہ سے ہے، تمام تفصیلات صوبائی اور وفاقی سطح پر دونوں کی جانب سے دی گئی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button