سوات میں ویڈیو بنانے کا شوق مہنگا پڑ گیا، نصراللہ جھیل میں گاڑی پھنس گئی، تین سیاح ریسکیو، جرمانے کے بعد رہا


سوات(جانوڈاٹ پی کے) سوات کی خوبصورت نصراللہ جھیل میں ویڈیو بنانے کی کوشش کے دوران سیاحوں کی گاڑی جھیل میں پھنس گئی، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں سوار تینوں افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کامیاب آپریشن کے ذریعے تینوں سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
اسسٹنٹ کمشنر بحرین کے مطابق تینوں سیاحوں کو حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی پر تحویل میں لیا گیا تھا، تاہم جرمانے کی ادائیگی کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔
دوسری جانب سوات میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں لاپتہ لڑکی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے، جو اب پانچویں روز میں داخل ہو چکا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں جدید آلات کی مدد سے دریا میں لاپتہ بچی کی تلاش میں مصروف ہیں۔