کارگل کے پہاڑ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بہادری کے گواہ ہیں، محسن نقوی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نشانِ حیدر پانے والے قومی ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے عظیم اور بہادر سپوت کو سلام پیش کرتی ہے، جبکہ کارگل کے پہاڑ آج بھی ان کی بے مثال جرات و بہادری کے گواہ ہیں۔
اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے معرکۂ کارگل میں دشمن کے خلاف غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا اور اپنی دلیری سے دشمن پر لرزہ طاری کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے اس نڈر سپاہی کی قربانی اور شجاعت ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے دشمن کے ناپاک عزائم کو جرات، عزم اور جوانمردی سے ناکام بنایا اور اپنی لازوال قربانی سے بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید جیسے بہادر اور جان نثار سپاہیوں کی موجودگی میں کوئی دشمن وطنِ عزیز کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا، اور پوری قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔



