امریکا آج دنیا بھر میں امید کی کرن، اسے کبھی ناکام نہیں ہونے دیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے 250 ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ آج بھی دنیا بھر کے لیے امید، طاقت اور آزادی کی علامت ہے، اور اسے کبھی ناکام نہیں ہونے دیا جائے گا۔

واشنگٹن میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ یومِ آزادی کی تقریبات میں ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد شریک ہیں، جو امریکی اتحاد، حب الوطنی اور قومی جذبے کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ ایک پرچم تلے متحد قوم ہے، جبکہ امریکی فوج پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط، منظم اور طاقتور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانیانِ امریکہ نے ایسا آئین تشکیل دیا جس نے قوم کو متحد رکھا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، ملک میں مکمل مذہبی آزادی موجود ہے اور یہی اقدار اسے دنیا بھر میں منفرد بناتی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ آج اپنا 250 واں یومِ آزادی منا رہا ہے، جس کے موقع پر ملک بھر میں سرکاری سطح پر تقریبات، پریڈز اور شاندار آتشبازی کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستانی عوام، سول و عسکری قیادت نے بھی امریکی عوام اور قیادت کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر امریکی عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی، چار سابق امریکی صدور کے ساتھ ایک یادگاری تصویری ڈیزائن شیئر کیا، جبکہ اپنی تصویر پر مشتمل خصوصی یادگاری ڈیزائن بھی متعارف کرایا۔ نیویارک سمیت مختلف شہروں میں آتشبازی کے شاندار مظاہرے بھی کیے گئے۔

مزید خبریں

Back to top button