صدرآصف علی زرداری کی امریکی صدر ٹرمپ کو دورۂ پاکستان کی باضابطہ دعوت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدر مملکت آصف زرداری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔
صدر آصف علی زرداری نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو اعلان آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کے موقع پر مبارکباد دی اور اپنے امریکی ہم منصب کے نام خط میں کہا کہ امریکا اپنی مضبوط روایات، جدت اور آزادی، جمہوریت اور مساوی مواقع کے اصولوں سے وابستگی کی بنیاد پر مسلسل ترقی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی صدیوں کے دوران امریکی عوام کی نمایاں کامیابیوں نے دنیا بھر میں ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی احترام اور امن، سلامتی اور خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔
صدر مملکت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان کے عوام صدر ٹرمپ کو ان کی سہولت کے مطابق جلد از جلد اسلام آباد میں خوش آمدید کہنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھیں گے۔



