‘اپنی زمین اپنا گھر’ پروگرام: جہلم میں600سے زائد کامیاب درخواست گزاروں میں الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم

جہلم(جانوڈاٹ پی کے)جہلم میں 600 سے زائد شہریوں کو ‘اپنی زمین اپنا گھر پروگرام’ کے تحت مفت زمین کے الاٹمنٹ لیٹر مل گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی عوام کو اپنی چھت کا مالک بنانے کی اسکیم کے تحت ضلع جہلم کے کل 730 شہریوں کی درخواستیں منظور ہوئیں اور تین مرلہ زمین کیلئے 600 سے زائد الاٹیوں کو الاٹمنٹ لیٹر دیے گئے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے آج 400 سے زائد الاٹیز میں لیٹر تقسیم کیے۔
انہوں نے الاٹمنٹ لیٹر حاصل کرنے والے خاندانوں کو مبارک پیش کی اور تقریب سے خطاب میں کہا کہ تقریب میں شرکت کرنے پر بے حد خوش ہوں، قائد محمد نواز شریف عوام کو اپنی چھت اپنا گھر دینے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، گھر ہر انسان کا بنیادی خواب ہوتا ہے، ہم نے وعدہ پورا کر دکھایا اور یہی مسلم لیگ(ن) کی روایت ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کے ہزاروں خاندانوں کو گھر فراہم کر چکی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق کی سطح پر ‘پرائم منسٹر اپنا گھر’ کی رعایتی قرض اسکیم شروع کی ہے اور 5 فیصد کی کم ترین شرح پر 1 کروڑ روپے تک کا قرض بینکوں کے ذریعے دیا جا رہا ہے۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھاکہ ضلع جہلم میں آفیشل آن لائن پورٹل کے ذریعے کل 5942 درخواستیں موصول ہوئیں، نادرا کی تصدیق کے بعد 4303 درخواست گزاروں کو اسکیم کیلئے اہل قرار دیا گیا اور محکمہ مال کی جانچ پڑتال کے بعد شفاف کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے 730 درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دیا گیا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ بزرگ، خواتین، خصوصی افراد سمیت ضلع جہلم کے 600 سے زائد مستحق شہریوں کو الاٹمنٹ لیٹرز مل چکے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب اسکیم کے تحت گھروں کی تعمیر میں مزید مالی مدد کیلئے الاٹیز بینک آف پنجاب سے 15 لاکھ روپے کا بلا سود قرض حاصل کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر الاٹیز نے وزیر اعلیٰ مریم نواز اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا شکریہ ادا کیا۔



