ٹرانسپورٹرز کا ٹیکسوں میں اضافے کے خلاف اعلانِ جنگ، پیر کو بابو صابو پر احتجاجی دھرنے کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)ٹرانسپورٹرز نے ٹرانسفر فیس، ٹوکن ٹیکس اور ٹول ٹیکس میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے پیر کے روز بابو صابو بند روڈ پر احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ٹرانسفر فیس 4 ہزار روپے سے بڑھا کر 27 ہزار روپے، ٹوکن ٹیکس 2 ہزار روپے سے بڑھا کر 6 ہزار 500 روپے جبکہ ٹول ٹیکس 350 روپے سے بڑھا کر 650 روپے کر دیا گیا ہے، جسے ٹرانسپورٹرز کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

ایسوسی ایشن کے صدر تنویر احمد جٹ نے کہا کہ ٹیکسوں اور فیسوں میں اس غیر معمولی اضافے سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید متاثر ہوگا اور کاروباری لاگت میں بے پناہ اضافہ ہو جائے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پیر کے روز بابو صابو بند روڈ پر بھرپور احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، جہاں آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسفر فیس، ٹوکن ٹیکس اور ٹول ٹیکس میں کیے گئے اضافے پر فوری نظرثانی کی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button