وزیراعظم اپنا گھر پروگرام مزید وسیع، نان بینکنگ کمپنیوں کو بھی ہاؤسنگ قرضے دینے کی منظوری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھاتے ہوئے نان بینکنگ فنانس کمپنیوں (NBFCs) کو بھی اسکیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس سے لاکھوں شہریوں کے لیے آسان شرائط پر ہاؤسنگ فنانس تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کی تجویز پر منظور کیے گئے فیصلے کے تحت نان بینکنگ ہاؤسنگ فنانس اور انویسٹمنٹ فنانس کمپنیاں ایک کروڑ روپے تک ہاؤسنگ قرض فراہم کر سکیں گی، جبکہ روایتی بینک اکاؤنٹ نہ رکھنے والے افراد بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ایس ای سی پی کے مطابق مائیکرو فنانس کمپنیاں بھی اس اسکیم کے تحت 50 لاکھ روپے تک قرض فراہم کرنے کی مجاز ہوں گی، جس سے کم آمدنی والے اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کے لیے گھر کی تعمیر یا خریداری کے مواقع مزید بڑھ جائیں گے۔

اسکیم کے تحت پہلے 10 برس تک صرف 5 فیصد شرح منافع پر ہاؤسنگ قرض فراہم کیا جائے گا، جبکہ نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کے لیے باقاعدہ ریگولیٹری فریم ورک بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کا ڈیجیٹل نیٹ ورک ملک کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں تک موجود ہے، جس سے ہاؤسنگ فنانس کی سہولت زیادہ سے زیادہ شہریوں تک پہنچ سکے گی۔ مزید برآں، یہ کمپنیاں بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے اشتراک سے بھی قرض فراہم کرنے کی مجاز ہوں گی۔

مزید خبریں

Back to top button