پنجاب میں صفائی نظام میں انقلابی تبدیلی، "بیٹ سسٹم” نافذ، ہر گلی کا الگ ذمہ دار مقرر ہوگا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے نیا "بیٹ سسٹم” متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت ہر گلی، محلے اور دیہات کی صفائی کے لیے الگ ذمہ دار اہلکار تعینات کیا جائے گا، جبکہ اس کی کارکردگی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کو اس منصوبے پر فوری عملدرآمد کے لیے خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے تاکہ "ستھرا پنجاب” پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

نئے نظام کے تحت شہری علاقوں میں چار سے چھ گلیوں پر مشتمل ایک بیٹ تشکیل دی جائے گی، جبکہ ہر دیہات کو ایک مکمل بیٹ تصور کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت لاہور سمیت پورے پنجاب میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد بیٹس قائم کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق "ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد صفائی اہلکاروں کو ان بیٹس میں تعینات کیا جائے گا، جہاں ہر اہلکار اپنے مقررہ علاقے کی صفائی کا براہِ راست ذمہ دار ہوگا اور اس کی کارکردگی جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مسلسل مانیٹر کی جائے گی۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ نئے بیٹ سسٹم سے صفائی کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی، متعلقہ عملے کی جوابدہی یقینی بنے گی اور شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ بھی ممکن ہو سکے گا۔

مزید خبریں

Back to top button