لاہور میں میاں بیوی پر مشتمل چور گینگ گرفتار، 25 لاکھ کے زیورات، نقدی اور پرائز بانڈ برآمد

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) بادامی باغ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں گھس کر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور پرائز بانڈ چوری کرنے والے میاں بیوی پر مشتمل مبینہ چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔

ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عامر اور اس کی اہلیہ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان گھر والوں کی غیر موجودگی میں نہایت مہارت سے گھروں میں داخل ہو کر قیمتی سامان چوری کرتے اور کسی کو شک گزرے بغیر موقع سے فرار ہو جاتے تھے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج، جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا گیا۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقد رقم، پرائز بانڈز اور موبائل فون برآمد کر لیے گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے دیگر وارداتوں اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button