پنجاب میں گرین ٹرانسپورٹ کا دائرہ وسیع، الیکٹرک بسیں 147 تحصیلوں تک پہنچانے کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے میں گرین الیکٹرک بسوں کے منصوبے نے عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے، جبکہ شہریوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں بھی اس جدید سفری سہولت کی فراہمی کا مطالبہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر حکومت پنجاب جلد صوبے کی 147 تحصیلوں تک الیکٹرک بسوں کی سہولت فراہم کرے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت پنجاب بھر میں ایک ہزار ایک سو گرین الیکٹرک بسیں مختلف روٹس پر چل رہی ہیں، جن سے روزانہ لاکھوں شہری کم خرچ، معیاری اور جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ گرین بس منصوبے کے ساتھ ساتھ گرین ٹریکٹرز اور الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کا پروگرام بھی تیزی سے جاری ہے، جبکہ کسانوں، طلبہ اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز ترقیاتی منصوبوں میں نوجوانوں کو خصوصی اہمیت دے رہی ہیں، جس کے باعث نوجوانوں میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کارکردگی، گڈ گورننس اور میرٹ کے حوالے سے پنجاب حکومت کی مثال دیگر صوبوں سے مختلف اور نمایاں ہے۔



