صدر آصف زرداری آئندہ ہفتے کرغیزستان روانہ ہوں گے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری آئندہ ہفتے کرغیزستان کا سرکاری دورہ کریں گے، جہاں وہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی امور پر اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری دارالحکومت بشکیک میں کرغیزستان کے صدر اور وزیر اعظم سے الگ الگ ملاقات کریں گے، جن میں سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے دوران صدر مملکت بشکیک میں واقع یادگارِ شہداء پر بھی حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھا کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔
توقع ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔



