روس کے یوکرین پر حملے، 30 افراد ہلاک، 90 سے زائد زخمی


کیف(مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے یوکرین پر ایک بار پھر شدید حملے کرتے ہوئے دارالحکومت کیف کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک جبکہ 90 سے زائد زخمی ہو گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق روسی حملوں کے باعث کیف میں تقریباً 130 عمارتوں کو نقصان پہنچا، جبکہ متعدد رہائشی اور دیگر تنصیبات بھی متاثر ہوئیں۔
یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں میں فوجی و توانائی تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔
روس اور یوکرین کی جانب سے حملوں کے اہداف اور نقصانات سے متعلق دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔