فیصل واوڈا کا اسحاق ڈار کے استعفے کا مطالبہ، سنگین الزامات پر حکومت کو کڑی تنقید

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سینیٹر فیصل واوڈا نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پر سنگین الزامات سے متعلق معاملہ دبانے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر خارجہ کا عہدہ ایک ہی شخصیت کے پاس ہونا سوالات کو جنم دیتا ہے، جبکہ پاکستان کو ایک "فیملی کارپوریشن” کی طرح چلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسحاق ڈار کے مبینہ قریبی رشتہ دار پر غیر ملکی خواتین کو پاکستان بلا کر مبینہ زیادتی، تشدد اور بھتہ خوری کے الزامات سامنے آئے، جس کے بعد مبینہ طور پر متعلقہ غیر ملکی سفارتخانے کی مداخلت پر گرفتاری عمل میں آئی۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ حکومت اس مبینہ واقعے کو دبانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے اور کیس کو زیادتی کے بجائے صرف بھتہ خوری تک محدود کرنے کی مبینہ کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاتون کا دفعہ 164 کے تحت بیان اب تک منظر عام پر نہ آنا بھی سوالیہ نشان ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ جمہوریت کے نام پر ایلیٹ کلاس نے ملک پر قبضہ کر رکھا ہے، جبکہ خواتین کے حقوق کے دعویدار اور مختلف سیاسی جماعتیں بھی اس معاملے پر خاموش ہیں۔



