تھرپارکر میں بدامنی،بکری چورگروہ گرفتار
چیلہار میں میڈیکل اسٹور کا شٹر توڑ کر نقدی اور پستول چوری، پولیس کی کارکردگی پر سوالات

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی /جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر میں امن و امان کی صورتحال پر عوامی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مختلف علاقوں سے مویشی چوری، دکانوں میں چوری کی وارداتوں اور منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ تازہ واقعے میں تھانہ کھینسر کی حدود میں گاؤں جیسی جو پار کے قریب جنگلاتی علاقے میں دیہاتیوں نے تین مبینہ بکری چوروں کا تعاقب کرکے انہیں پکڑ لیا، جنہیں بعد ازاں کھینسر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ مدعی الہداد ولد ثناء اللہ چنیسر راہموں کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، جس میں تین افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں محمد ولد اسماعیل سمیجو، نبی بخش ولد سومار سمیجو اور ممتاز ولد سومار سمیجو شامل ہیں، جو تعلقہ ڈاہلی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے چھ بکریاں اور ایک لانگ جیپ (رجسٹریشن نمبر BAJ-8748) برآمد کر لی گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور وہ اس وقت پولیس کی تحویل میں ہیں۔ دوسری جانب چیلہار شہر کی مکھی مارکیٹ میں رانجھو بھیل کے میڈیکل اسٹور کا رات گئے نامعلوم چوروں نے شٹر توڑ کر اندر داخل ہو کر میز کا لاک توڑا اور ایک پستول کے ساتھ تقریباً دو لاکھ روپے نقدی چوری کرکے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مویشی چوری، دکانوں میں وارداتوں اور دیگر جرائم میں اضافے نے لوگوں میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام، خصوصاً ڈی آئی جی میرپورخاص سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع میں امن و امان کی بحالی، مویشی چوری کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



