کاہنہ سانحہ: مریم نواز متاثرہ خاندانوں کے درمیان پہنچ گئیں، جاں بحق بچوں کے ورثا کیلئے 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاہنہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے اظہارِ تعزیت کیا اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار والدین، خصوصاً ماؤں سے ملاقات کی، انہیں دلاسہ دیا اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہوئیں۔
مریم نواز نے کہا کہ "لفظ کم ہیں، غم بہت بڑا ہے” اور یقین دلایا کہ حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
وزیراعلیٰ نے حکومت پنجاب کی جانب سے جاں بحق ہونے والے ہر بچے کے ورثا کے لیے 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔ اس موقع پر متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیکس بھی تقسیم کیے گئے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ دکھی ماؤں کے آنسوؤں کا ازالہ کسی مالی امداد سے ممکن نہیں، تاہم حکومت ہر ممکن طریقے سے متاثرہ خاندانوں کی مدد اور بحالی کو یقینی بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ننھے بچوں کا اس طرح دنیا سے رخصت ہو جانا انتہائی المناک سانحہ ہے اور حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر مرحلے پر کھڑی رہے گی۔



